ہومتازہ ترینسو سال پرانا جرمن ادارہ چین کی زرعی جدیدکاری میں طویل المدتی...

سو سال پرانا جرمن ادارہ چین کی زرعی جدیدکاری میں طویل المدتی مواقع کا خواہاں

تیانجن (شِنہوا) ایک صدی پرانے جرمن زرعی مشینری برانڈ ’کرون‘ نے چین کے شمالی شہر تیانجن میں قائم اپنی چینی سیلز اینڈ سروس کی ذیلی کمپنی میں مزید ایک کروڑ 96 لاکھ یوآن (تقریباً 28 لاکھ 80 ہزار امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کی ہے۔

یہ اقدام 120 سال پرانے اس برانڈ کی جانب سے چینی مارکیٹ میں داخلے کے ایک دہائی بعد اپنی مقامی موجودگی کو مستحکم کرنے کی تازہ ترین کوشش ہے۔ یہ پیشرفت چارہ کاٹنے والے عالمی ساز و سامان کے اس سرکردہ ادارے کا چین کی زرعی جدیدیت کی مہم سے پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے پختہ عزم کی عکاس ہے۔

کرون چائنہ کی جنرل منیجر ہو ہونگ یان نے کہا کہ نئی سرمایہ کاری کو ملک بھر میں فروخت اور بعد از فروخت خدمات کی فراہمی کا نیٹ ورک بہتر بنانے، فوری مرمت کی سہولت یقینی بنانے کے لئے پرزوں کے ذخائر میں اضافے، نئی بین الاقوامی مصنوعات متعارف کرانے کو تیز کرنے، چین میں برانڈ کی تشہیر پر سرمایہ کاری میں اضافہ اور مقامی پیشہ ورانہ سروس ٹیم کو مضبوط بنانے کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ ان اقدامات کا مقصد کمپنی کی چینی صارفین کے لئے کاروباری استعداد اور عملی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔

1906 میں ایک لوہار کی ورکشاپ سے شروع ہونے والی کمپنی ’کرون‘ اب ایک عالمی صنعتی رہنما بن چکی ہے جس کا کاروبار دنیا کے 70 سے زائد ممالک اور خطوں تک پھیلا ہوا ہے۔ چارہ ذخیرہ کرنے اور چارے کے آلات میں مہارت رکھنے والا یہ برانڈ گھاس کاٹنے، چارہ اکٹھا کرنے، چارہ پھیلانے، گٹھے بنانے، خوراک کو گولیوں کی شکل دینے اور نقل و حمل کی سرگرمیوں والی مصنوعات کی وسیع فہرست رکھتا ہے۔

2016 میں کرون نے باضابطہ طور پر اپنا چین ہیڈکوارٹرز تیانجن میں قائم کیا۔ سازگار کاروباری ماحول اور مقامی سرگرمیوں کے نظام کی بدولت کرون نے چین میں مستحکم ترقی حاصل کی جس کے ساتھ ساتھ اس کی مارکیٹ میں موجودگی اور خدمات کی فراہمی کے نیٹ ورک میں مسلسل بہتری آئی ہے، ملک میں اس کی سرمایہ کاری میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

کرون فیملی بزنس کی چوتھی نسل کے سربراہ برنارڈ کرون نے کہا کہ چین نہ صرف ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے بلکہ یہ زرعی جدیدیت کے ایک تیز رفتار دور سے بھی گزر رہا ہے جہاں اعلیٰ درجے کی زرعی مشینری کی مانگ بڑھ رہی ہے۔ یہ ہمارے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں