لاہور (لارڈ میڈیا): لاہور میں گداگروں کے خلاف دوبارہ بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے تمام ڈویژنل ایس پیز، سرکل افسران اور ٹریفک اہلکاروں کو خصوصی احکامات جاری کیے ہیں کہ کسی بھی ٹریفک سگنل پر کوئی بچہ، خاتون، بزرگ، خواجہ سرا یا معذوری کی آڑ میں بھیک مانگنے والا شخص نظر نہیں آنا چاہیے۔ سیف سٹی کی ٹریفک مانیٹرنگ ٹیموں کو لمحہ بہ لمحہ فیلڈ اسٹاف سے رابطے میں رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق نادرا کے تعاون سے گرفتار گداگروں کا ڈیٹا حاصل کرکے ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جا رہی ہیں۔ رات کے وقت ٹریفک سگنلز سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے عناصر کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران ایک ہزار 855 گداگروں کے خلاف کارروائی کی گئی، جن میں 710 خواتین، 742 مرد، 209 بچے اور 204 خواجہ سرا شامل ہیں۔ اس دوران 220 عادی گداگروں کے خلاف لاہور پولیس کی مدد سے مقدمات بھی درج کیے گئے، جبکہ ایک ہزار 439 افراد کو سوشل بیگرز ہومز، ایدھی ہومز اور بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کیا گیا۔


