تل ابیب (لارڈ میڈیا): اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے بیٹے یائر نیتن یاہو نے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی تنقید کی وجہ سے اپنا نام تبدیل کرکے یوناتان ہون رکھ لیا ہے۔ یہ تبدیلی ان کے خاندان سے وابستگی کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات سے بچنے کے لیے کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یائر نیتن یاہو نے تقریباً ڈھائی سال قبل قانونی طور پر اپنا نام تبدیل کیا تھا، تاہم یہ انکشاف حال ہی میں اسرائیلی ٹیکس دستاویزات کے ذریعے ہوا۔ اس معاملے پر اسرائیلی وزیراعظم یا ان کے خاندان کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
یوناتان نام یائر کے چچا یوناتان نیتن یاہو سے منسوب ہے، جو 1976 میں یوگنڈا میں ایک فوجی آپریشن کے دوران مارے گئے تھے، جبکہ ہون ان کے نانا کا خاندانی نام تھا۔
یائر نیتن یاہو دائیں بازو کے سیاسی کارکن اور پوڈکاسٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں اور وہ فلوریڈا میں مقیم ہیں۔ ان کے سوشل میڈیا پر سخت سیاسی مؤقف اور متنازع بیانات کی وجہ سے بھی وہ مشہور ہیں۔
غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے باعث نیتن یاہو کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیمیں ان پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کرتی رہی ہیں۔


