لاہور (لارڈ میڈیا): نصیر آباد کے علاقے میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ کنیز فاطمہ مبینہ تشدد کے بعد جاں بحق ہو گئی۔ پولیس نے بچی کے والد جاوید کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
کنیز فاطمہ فیصل آباد کی رہائشی تھی اور ایک ماہ سے صوفی اعجاز کے گھر ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق، والد جاوید کو مالک کی بہو نے فوری لاہور پہنچنے کے لیے کہا۔ لاہور پہنچنے پر انہیں بتایا گیا کہ ان کی بیٹی گلاب دیوی ہسپتال میں مردہ حالت میں لائی گئی تھی۔
والد نے الزام عائد کیا ہے کہ کوٹھی مالکان نے ان کی بیٹی پر تشدد کیا جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا اور کہا کہ موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد واضح ہوگی۔ مزید تفتیش جاری ہے۔


