ماسکو (لارڈ میڈیا) : فٹبال کے معروف کھلاڑی ارلنگ ہالینڈ کی ہم شکل روسی ماڈل انستاشیہ کوسٹرومیٹینا سوشل میڈیا پر نئی سنسنی بن چکی ہیں۔ ان کے چہرے کے نقوش، سنہرے بال، آنکھیں اور اندازِ گفتگو کو دیکھ کر لاکھوں صارفین حیران ہیں اور انہیں ہالینڈ کا خاتون ورژن قرار دے رہے ہیں۔
24 سالہ انستاشیہ کوسٹرومیٹینا ایک پیشہ ور روسی ماڈل ہیں جنہیں اس وقت عالمی شہرت ملی جب ان کی والدہ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انستاشیہ ہالینڈ کے مخصوص انداز کی نقل کرتی نظر آئیں۔
ویڈیو میں انستاشیہ نے اپنے بال اسی انداز میں باندھے ہوئے تھے جیسے ہالینڈ میچز کے دوران دکھائی دیتے ہیں۔ ان کی مماثلت نے صارفین کو حیران کر دیا کہ وہ ہالینڈ نہیں بلکہ ایک روسی ماڈل ہیں۔
یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیل گئی۔ ویڈیو کو 11 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے، اور انستاشیہ کو راتوں رات عالمی شہرت حاصل ہو گئی۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔ کسی نے کہا کہ یہ ارلنگ کی جڑواں بہن ہیں، تو کسی نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اگر ہالینڈ زخمی ہوں تو انستاشیہ کو میدان میں اتار دیا جائے۔
انستاشیہ کا کہنا ہے کہ ابتدا میں انہوں نے اس مشابہت کو اہمیت نہیں دی، لیکن اب وہ اسے دلچسپ تعریف کے طور پر قبول کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لوگ انہیں ہالینڈ کی مشابہت کی وجہ سے پہچانتے ہیں۔
یہ دلچسپ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ارلنگ ہالینڈ اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت خبروں میں ہیں۔ انستاشیہ کی وائرل ویڈیوز نے اس مشابہت کو دنیا بھر میں موضوعِ بحث بنا دیا ہے۔


