اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی کے شعبے میں اصلاحات اور صارفین کو بہتر بجلی کی فراہمی کے لئے نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ مسابقتی بجلی مارکیٹ کے قیام کی جانب پیشرفت جاری ہے جبکہ تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری بھی شروع کردی گئی ہے۔
اویس لغاری نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کے دوران بتایا کہ گزشتہ دو سالوں میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ لائن لاسز اور گردشی قرضے میں کمی آئی ہے، جبکہ حکومت نے گردشی قرضے میں تقریباً 780 ارب روپے کمی لائی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی گرڈ کی ڈیجیٹائزیشن، ٹرانسمیشن نظام کی بہتری اور جدید میٹرنگ انفراسٹرکچر پر کام جاری ہے، جبکہ ملک بھر میں ایک کروڑ 60 لاکھ بجلی کے میٹروں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
اے پی ایم ایس کے تحت ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈ مینجمنٹ کا جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے حکومتی اقدامات کو سراہا۔


