چترال (لارڈ میڈیا): لوئر چترال میں ریسکیو 1122 نے فلیش فلڈ کے دوران بروقت کارروائی کرتے ہوئے 200 سے زائد مسافروں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔ ترجمان کے مطابق شدید مون سون بارشوں کے باعث آنے والے فلیش فلڈ اور ملبے کے ریلے سے دروش تا اشیرات شاہراہ متعدد مقامات پر بند ہوگئی، جس کے نتیجے میں کئی مسافر گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں۔
ریسکیو 1122 لوئر چترال نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی نگرانی میں فوری اور مؤثر ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے 200 سے زائد مسافروں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ اطلاع موصول ہوتے ہی شیشیکوہ اور بریگنیسر واچ پوائنٹس پر موجود ریسکیورز نے بطور فرسٹ ریسپانڈرز فوری کارروائی کا آغاز کیا، جبکہ بعد ازاں ضلعی ہیڈکوارٹر سے مزید امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے کلکٹاک، کالدام گول، سویر اور اشیرات سمیت متاثرہ علاقوں میں مسلسل چھ گھنٹے تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ اس دوران ملبے میں پھنسنے والی چار مسافر گاڑیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا اور تمام مسافروں کی بحفاظت نقل و حرکت یقینی بنائی گئی۔
آپریشن میں ریسکیو 1122 کے 20 اہلکار، 3 ایمبولینسز اور ایک ڈیزاسٹر ریسپانس وہیکل نے حصہ لیا۔ کارروائی کے دوران نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطہ اور مؤثر تعاون برقرار رکھا گیا تاکہ شاہراہ کی بحالی اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے فلیش فلڈ کے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کا واقعہ پیش نہیں آیا۔


