کراچی (لارڈ میڈیا): سندھ حکومت نے تعلیمی بورڈز میں جدید ٹیکنالوجی اور عالمی معیار کے امتحانی نظام کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے تعلیمی بورڈز کے عملے کو آئی ٹی ماہرین سے خصوصی تربیت دی جائے گی اور جدید آلات فراہم کیے جائیں گے۔
وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز محمد اسماعیل راہو نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس میں اس منصوبے کی تفصیلات بتائیں۔ اجلاس میں سیکریٹری جامعات محمد عباس بلوچ اور صوبے کے تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپروومنٹ پروجیکٹ کے تحت امتحانی نظام کی جدید کاری، ای مارکنگ، ڈیجیٹلائزیشن اور تعلیمی بورڈز کی استعداد کار بڑھانے پر غور کیا گیا۔
وزیر جامعات نے کہا کہ روایتی امتحانی طریقہ کار کے بجائے ای مارکنگ متعارف کروائی جا رہی ہے، اور اس منصوبے کی منظوری کے لیے تجاویز سندھ کابینہ میں پیش کی جائیں گی۔
محمد اسماعیل راہو نے مزید کہا کہ تعلیمی بورڈز کو اسکینرز، کٹنگ مشینیں، سرورز اور دیگر جدید آلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔ چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو کو امتحانی نظام کی جدید کاری کا فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے شروع کیے جانے والے اصلاحاتی اقدامات سندھ کے امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔


