پشاور (لارڈ میڈیا): خیبرپختونخوا اسمبلی نے استحقاق سے متعلق ترمیمی ایکٹ منظور کرلیا ہے، جس کے تحت اسمبلی یا قائمہ کمیٹی کی کارروائی، سوالات، قرارداد، تحریک یا تحریک التوا کو ایوان میں پیش یا سرکاری طور پر جاری ہونے سے پہلے شائع یا نشر کرنا ممنوع ہوگا۔
ایکٹ کے مطابق خلاف ورزی کی نوعیت کے تحت مجرم کو قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔ اسمبلی کی کارروائی یا رکن کی تقریر کی مسخ شدہ رپورٹ شائع کرنے پر 3 ماہ قید یا 3 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔
ممنوعہ اسمبلی کارروائی یا کمیٹی رپورٹ شائع کرنے پر 6 ماہ قید، 10 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔
اسمبلی یا اس کے وقار کے خلاف ہتک آمیز بیان شائع کرنے پر 6 ماہ قید یا 5 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جائیں گی۔ اسمبلی افسر پر حملہ یا سرکاری فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالنے پر ایک ماہ قید یا ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا ہوگی۔


