آئزول (لارڈ میڈیا): بھارت کی ریاست میزورم میں 2017 میں ایک خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور اس پر تیزاب پھینکنے کے جرم میں بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے دو معطل اہلکاروں کو مجموعی 42 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ عدالت نے دونوں مجرموں پر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
میزورم کے ضلع آئزول کی عدالت نے بی ایس ایف کے اہلکاروں نِلانجن داس اور دنیش کمار کو مجرم قرار دیتے ہوئے 42 سال قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے اجتماعی زیادتی کے جرم میں 20 سال، شدید جسمانی نقصان پہنچانے پر 10 سال اور تیزاب حملے کے جرم میں 12 سال قید کی سزا سنائی۔ یہ سزائیں یکے بعد دیگرے پوری کی جائیں گی۔
عدالت نے ہر جرم کے تحت 60 ہزار بھارتی روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ہر جرم کے تحت مزید دو ماہ قید بھگتنا ہو گی۔
استغاثہ کے مطابق نِلانجن داس اور دنیش کمار نے 16 جولائی 2017 کو میزورم کے ضلع مامِت میں ایک خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور اس پر تیزاب پھینکا تھا۔ بی ایس ایف ذرائع کے مطابق مجرموں کی گرفتاری کے فوراً بعد انہیں معطل کر دیا گیا تھا، اور اب عدالتی فیصلہ آنے کے بعد انہیں باضابطہ طور پر برطرف کیا جائے گا۔


