شبقدر (لارڈ میڈیا): محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) مردان نے شبقدر میں خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین اہم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق شبقدر کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر یہ کارروائی کی گئی، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین اہم دہشت گرد مارے گئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں حیات خان عرف حیات اللہ شامل ہے، جو مولانا عزت اللہ ٹارگٹ کلنگ کیس میں مطلوب تھا۔ دوسرا دہشت گرد عاصم ضلع خیبر میں پولیس اہلکاروں اور مذہبی رہنماؤں کے نشانے میں ملوث تھا۔
تیسرا دہشت گرد امین اللہ عرف معاویہ کی شناخت مکمل ہو چکی ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تین کلاشنکوفیں، ہینڈ گرنیڈ اور دیگر اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران کچھ دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔


