اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم شہباز شریف کی مذاکراتی پیشکش کو مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیشکش صرف بیانات تک محدود نہیں رہنی چاہیے بلکہ عملی نتائج کا حامل ہونا چاہیے۔
اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت اگر واقعی مذاکرات چاہتی ہے تو وزیراعظم کو خود آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس تمام اختیارات ہیں، وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کیوں نہیں کروا سکتے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا بجٹ منظور کرانے کے لیے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ضروری ہے۔ انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ معاہدے اور اس سلسلے میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کی کوششوں کی طرح پاکستان میں بھی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے امن معاہدہ ہونا چاہیے۔


