اسلام آباد (لارڈ میڈیا): قومی اقتصادی سروے 2025-26 کے مطابق ملک میں اسمارٹ فون کے استعمال میں 0.6 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اسمارٹ فون استعمال کرنے والوں کی شرح 71.6 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
سروے کے مطابق ٹو جی صارفین کی تعداد میں کمی ہوئی ہے اور ان کی شرح 28 فیصد رہ گئی ہے۔ ملک میں موبائل اور فکسڈ فون صارفین کی مجموعی تعداد 20 کروڑ 72 لاکھ 20 ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ مجموعی موبائل کنکشنز کا تناسب 82.6 فیصد ہو گیا ہے، جو گزشتہ سال 81 فیصد تھا۔
اقتصادی سروے کے مطابق ملک میں براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 16 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ مارچ 2026 تک 16 کروڑ 16 لاکھ موبائل فون مقامی طور پر تیار کیے گئے۔
سروے کے مطابق پاکستان دنیا میں سب سے سستا انٹرنیٹ ڈیٹا فراہم کرنے والے ممالک میں شامل ہے، جبکہ ملک میں انٹرنیٹ ڈیٹا کا مجموعی استعمال 30 ہزار 783 پیٹا بائٹس تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔


