تہران (شِنہوا) ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ لبنان ایران کے لئے "سودے بازی کا مہرہ” نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بیان لبنانی صدر جوزف عون کے ان ریمارکس کے جواب میں دیا، جن میں انہوں نے ایران پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ لبنان کو امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں "سودے بازی کے مہرے” کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ عون کا انٹرویو جمعہ کے روز سی این این پر نشر کیا گیا تھا۔
عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا ہے کہ "مسٹر عون کے بیانات کی بنیاد پر تو ایسا لگتا ہے جیسے لبنان کے پانچویں حصے پر ایران نے قبضہ کر رکھا ہو، لبنان کی ایک چوتھائی آبادی کو بے گھر کیا ہو اور روزانہ ان کے ملک پر بمباری کر رہا ہو۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "اگر لبنان واقعی ایران کے لئے سودے بازی کا مہرہ ہوتا تو ہم بہت پہلے کسی معاہدے تک پہنچ چکے ہوتے۔”
عراقچی نے صدر عون پر زور دیا کہ وہ لبنان کو اس کے "حقیقی دشمن” سے محفوظ بنائیں۔
بدھ کے روز لبنانی نشریاتی ادارے المیادین کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں عراقچی نے خبردار کیا تھا کہ اگر اسرائیل نے بیروت پر حملہ کیا تو ایران اس کا جواب دے گا۔


