لاہور (لارڈ میڈیا): ڈیفنس کے علاقے میں عیدالاضحیٰ کے روز گوشت مانگنے والے کا بھیس بدل کر ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چوری کا واقعہ پیش آیا جس میں پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واردات میں ملوث باپ اور بیٹے نے منظم منصوبہ بندی کے تحت کارروائی کی تھی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ٹبہ گوہاوا جنوبی چھاؤنی اور بھٹہ چوک کے علاقوں سے گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت جوزف مسیح عرف ساگر اور جمشید ساگر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے پوش علاقوں میں چوری کی وارداتوں کے لیے گوشت مانگنے والوں کا روپ دھار رکھا تھا اور گھروں کی ریکی کرتے تھے۔ وہ گھروں کی بیل بجا کر رہائشیوں کی موجودگی یا عدم موجودگی کا جائزہ لیتے تھے تاکہ واردات کے لیے مناسب موقع مل سکے۔
جس گھر سے کوئی جواب موصول نہ ہوتا، اسے واردات کے لیے ہدف بنایا جاتا تھا۔ ملزمان نے واردات کے دوران ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان چوری کیا تھا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے طلائی زیورات، قیمتی گھڑیاں، غیر ملکی کرنسی اور دیگر اشیا برآمد کی ہیں۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق جوزف مسیح عرف ساگر چوری، ڈکیتی، ناجائز اسلحہ اور نقب زنی کے 45 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم ہے۔ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔


