لندن (لارڈ میڈیا): پاکستان اور بھارت کی ہاکی ٹیمیں رواں ماہ لندن میں دو مرتبہ مدمقابل آئیں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچز 23 اور 26 جون کو شیڈول ہیں جن کے لیے ٹکٹوں کی فروخت جاری ہے۔
پاکستانی ہاکی ٹیم کا کیمپ ان دنوں لاہور میں جاری ہے جہاں پروہاکی لیگ کے شیڈول کے تحت قومی ٹیم 9 جون کو بیلجیم روانہ ہوگی۔ پاکستانی ٹیم 13 جون کو بیلجیم اور 14 جون کو اسپین کے خلاف کھیلے گی جبکہ 19 اور 20 جون کو دوبارہ ان ٹیموں سے مقابلہ ہوگا۔
قومی ٹیم 21 جون کو بیلجیم سے لندن کا سفر کرے گی۔ گرین شرٹس 23 جون کو بھارت کا سامنا کریں گے، جبکہ 24 جون کو انگلینڈ کے خلاف میچ ہوگا۔ 26 جون کو پاکستان اور بھارت دوبارہ مدمقابل آئیں گے۔
پاکستانی ٹیم لیگ کے آخری میچ کے لیے 27 جون کو انگلینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ اب تک لیگ کے تمام آٹھ میچز میں پاکستانی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ہے۔
پروہاکی لیگ میں جگہ برقرار رکھنا پاکستانی ٹیم کے لیے بڑا چیلنج ہوگا کیونکہ لیگ کی 9 ٹیموں میں سے سب سے نیچے رہنے والی ایک ٹیم باہر کردی جاتی ہے۔


