کراچی (لارڈ میڈیا) : آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ انمول عرف پنکی کیس میں بہت سے معتبر نام سامنے آ سکتے ہیں۔ کراچی چیمبر کے دورے کے دوران تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کے تعاون سے منشیات کے خاتمے کے لیے کام جاری ہے اور اب تک ایک ہزار سے زائد مجرموں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ منشیات استعمال کرنے والے اور بیچنے والے میں فرق ہے، جو منشیات کا کاروبار کر رہے ہیں انہیں نہیں بخشا جائے گا۔ ٹاسک فورس تشکیل دی جا رہی ہے اور ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ معلومات فراہم کرے۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق پنکی کے دوسرے شوہر رانا اکرم نے مبینہ طور پر دو گاڑیاں اور پانچ کروڑ روپے لے کر اسے اور اس کے ساتھی کو چھوڑ دیا تھا۔ آئی جی سندھ نے کہا کہ پنکی زیادہ تر لاہور میں رہتی تھی اور اس کیس میں کئی معتبر نام شامل ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچے میں آپریشن نجات مہران کے تحت 600 سے زائد ڈاکو یا تو مارے گئے، پکڑے گئے یا انہوں نے ہتھیار ڈال دیے۔ اب سندھ میں کوئی نو گو ایریا نہیں ہے جبکہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال ماضی کے مقابلے میں بہتر ہے۔


