بنکاک (لارڈ میڈیا) : تھائی لینڈ نے غیر ملکی شہریوں کے جرائم پر قابو پانے کے لیے ویزا فری قیام کی مدت میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے 90 سے زائد ممالک کے شہریوں کے لیے بغیر ویزا قیام کی موجودہ 60 روزہ سہولت محدود کر دی ہے۔ وزیر سیاحت کے مطابق نئی پالیسی کے تحت زیادہ تر ممالک کے شہریوں کو اب صرف 30 دن تک ویزا فری قیام کی اجازت ہوگی، جبکہ بعض ممالک کے لیے یہ مدت 15 دن تک محدود ہو جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی ہر ملک کے لیے الگ بنیاد پر نافذ کی جائے گی۔ یہ اقدام ان غیر ملکیوں کے خلاف ہے جو سیاحتی ویزا کا غلط استعمال کرتے ہوئے منشیات، انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی کاروبار جیسی سرگرمیوں میں ملوث ہوتے ہیں۔ تھائی وزیر خارجہ نے وضاحت کی کہ حکومت کسی خاص ملک کو ہدف نہیں بنا رہی، بلکہ ایسے افراد کے خلاف اقدامات کر رہی ہے جو ویزا نظام کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ سیاحت ملک کی معیشت کا 10 فیصد سے زائد حصہ ہے، مگر کچھ عناصر نے اس سہولت سے ناجائز فائدہ اٹھایا۔


