جنیوا (لارڈ میڈیا) : عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیدروس ایدہانوم نے کانگو اور یوگنڈا میں تیزی سے پھیلتے ایبولا وائرس کو عالمی خطرہ قرار دیتے ہوئے عالمی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ کانگو میں ایبولا سے 131 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 513 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
کانگو کے وزیر صحت کے مطابق ابتدائی تحقیقات جاری ہیں تاکہ ہلاکتوں کی وجوہات کی تصدیق کی جا سکے۔ ایتوری صوبہ وبا کا مرکز ہے، جہاں سونے کی کانوں اور سرحدی نقل و حرکت کی وجہ سے وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
ایبولا کا نیا ورژن سامنے آیا ہے جس کے خلاف مؤثر ویکسین یا مکمل علاج دستیاب نہیں ہے۔ گزشتہ پچاس برسوں میں افریقا میں ایبولا وائرس 15,000 سے زائد افراد کی جان لے چکا ہے۔
جرمنی نے اعلان کیا ہے کہ کانگو میں متاثر ہونے والے ایک امریکی شہری کو علاج کے لیے جرمنی منتقل کیا جائے گا۔ امریکی حکام کے مطابق متاثرہ شخص کانگو میں اپنے کام کے دوران وائرس کا شکار ہوا۔


