انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ٹیم سن رائزرز حیدر آباد کے کپتان پیٹ کمنز کمر کے حتمی سکین کیلئے آسٹریلیا واپس لوٹ گئے ہیں، انہوں نے فٹنس مسائل کے باوجود آئی پی ایل ٹیم سن رائزرز حیدرآباد کو سیزن شروع ہونے سے قبل جوائن کرلیا تھا، وہ اس کیساتھ ہی ری ہیب کا عمل بھی جاری رکھے ہوئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق انکا سکین پہلے سے طے شدہ اور کرکٹ آسٹریلیا کی نگرانی میں ہوگا، اگر وہ فٹ قرار پائے تو 17اپریل کو دوبارہ سکواڈ جوائن کرینگے۔
کمنز سن رائزرز کے کپتان ہیں اور میچ کیلئے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے انکی عدم موجودگی میں ایشان کشن قیادت سنبھالے ہوئے ہیں۔
پیٹ کمنز گزشتہ سال جولائی سے کمر کی انجری کا شکار ہیں، وہ اس دوران صرف ایک ایشز ٹیسٹ کھیل سکے۔
انہوں نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کی امید ظاہر کر دی تھی تاہم مکمل فٹ نہ ہونے کے باعث وہ ایونٹ سے بھی باہر ہوگئے تھے۔
کمنز نے آئی پی ایل سے قبل کہا تھا کہ وہ ٹورنامنٹ کے دوسرے حصے میں واپسی کا ارادہ رکھتے ہیں، اسی مقصد کے تحت وہ باقاعدگی سے نیٹس میں بولنگ کر رہے تھے۔


