لاہور (لارڈ میڈیا) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ جو لوگ قوتوں کے ساتھ مل کر رجیم چینج میں ملوث رہے، انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔ مال روڈ لاہور دھرنے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم نے کہا کہ حکومت کو بانی پی ٹی آئی کے معاملے پر عدالت کے فیصلے پر عمل کرنا چاہیے اور ان کی صحت کے مسائل حل کرنے چاہئیں۔
انہوں نے چینی، آئل اور آٹا مافیا کی موجودگی کو ملک کی ترقی میں رکاوٹ قرار دیا اور عوام سے ان کی جدوجہد کا حصہ بننے کی اپیل کی۔ حافظ نعیم نے اعلان کیا کہ 12 ربیع الاول کے بعد پٹرولیم لیوی کے معاملے پر ہڑتال کی جائے گی اور پورے ملک میں پہیہ جام کیا جائے گا۔
حافظ نعیم نے مزید کہا کہ لیوی کا بھتہ ٹیکس کسی صورت نہیں ہونا چاہیے اور حکومت کو پٹرول کی قیمتیں کم کرنا پڑیں گی۔ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو اسلام آباد کی طرف مارچ کیا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ لوکل ڈیزل کو امپورٹڈ ریٹ پر فروخت کر کے عوام کو لوٹا جا رہا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات پر چند لوگ لوٹ مار کر رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سرکاری افسران عوام کے پیسوں سے بڑی گاڑیاں چلاتے ہیں جبکہ پنجاب میں زراعت تباہ ہو چکی ہے، کپاس کی پیداوار پچاس فیصد کم ہوئی ہے اور کسانوں کو سستی کھاد نہیں مل رہی۔


