ہومتازہ ترینجاپان کی عسکریت پسندی عالمی امن کے لئے خطرہ ہے، کورین سنٹرل...

جاپان کی عسکریت پسندی عالمی امن کے لئے خطرہ ہے، کورین سنٹرل نیوز ایجنسی

پیانگ یانگ (شِنہوا) عوامی جمہوریہ کوریا (ڈی پی آر کے) نے پیر کو جاپانی سیاست دانوں کی جانب سے دوسری جنگ عظیم میں جاپان کی شکست کی برسی کے موقع پر بدنام زمانہ یاسوکونی مزار کے دورے کی سخت مذمت کی ہے اور خبردار کیا کہ یہ ملک دوبارہ عسکریت پسندی کی آگ میں جل جائے گا۔

سرکاری کورین سنٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) کی طرف سے جاری ایک بیان میں ڈی پی آر کے نے جاپانی وزیراعظم سنائی تاکائیچی کی جانب سے مزار پر نذرانہ بھیجنے اور ’’غیر متوقع خراج عقیدت‘‘ پیش کرنے کی شدید مذمت کی اور ان کے اس اقدام کو ’’عالمی امن اور سلامتی کے لئے انسانیت کی خواہش کو کھلا چیلنج‘‘ قرار دیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جب سے تاکائیچی نے عہدہ سنبھالا ہے جاپانی حکومت ایک انتہائی خطرناک عسکری پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ان کا خراج عقیدت پیش کرنا ان کے عسکریت پسندانہ عزائم اجاگر کرتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مزار پر ’’خراج عقیدت‘‘ پیش کرنے کے بعد جنگ میں ہلاک ہونے والوں کے سوگ کی نام نہاد قومی تقریب سے اپنے خطاب میں تاکائیچی نے نہ تو جاپان کی جارحیت کی تاریخ پر ندامت کا اظہار کیا اور نہ ہی جنگ نہ کرنے کا کوئی عہد کیا۔

مضمون کے مطابق اس کے برعکس انہوں نے اپنی تقریر میں چالاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جاپانی جنگی جارحیت کی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کی جس نے ایشیائی عوام کو ناقابل بیان مصائب اور تکالیف میں مبتلا کیا۔

مزید برآں جاپانی وزیر دفاع جو مبینہ طور پر ’’قومی سلامتی‘‘ کے انچارج ہیں، نے بھی اس بار مزار کا دورہ کیا جو یاسوکونی کے دورے کی خطرناک نوعیت کا واضح مظاہرہ ہے۔

تبصرے میں کہا گیا ہے کہ جاپان اپنا ماضی دہرانے پر مجبور ہے کیونکہ یہ کبھی اس سے سبق نہیں سیکھتا بلکہ ایک جنگی مجرم اور شکست خوردہ ملک کی حیثیت سے اپنے ماضی کا ڈھٹائی سے انکار کرتا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں