اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے گڈز ٹرانسپورٹرز سے ہڑتال ختم کرنے اور مذاکرات کا راستہ اپنانے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کو برآمدات میں اضافے کی اشد ضرورت ہے۔ احسن اقبال نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ برآمدات کی ترسیل میں خلل ڈالنا ملکی مفاد میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے مطالبات چاہے درست ہوں یا غلط، احتجاج کا ایسا طریقہ اختیار نہیں کیا جانا چاہیے جس سے ملکی برآمدات متاثر ہوں۔
احسن اقبال نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال سے ملکی برآمد کنندگان کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے اور پاکستان کو اس وقت ایک ایک ڈالر کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ برآمدات حکومت کی قومی ترجیح اور ایمرجنسی ہیں اور ایکسپورٹ کے راستے میں کسی قسم کی رکاوٹ ملکی مفاد میں نہیں۔


