سڈنی (لارڈ میڈیا): اتوار کو سڈنی میراتھون میں پاکستانی رنرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دانش الہیٰ نے 3 گھنٹے 29 منٹ اور 7 سیکنڈ میں فنش لائن عبور کرکے پاکستانی رنرز میں سب سے تیز ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے شلوار قمیض میں دوڑ کر پاکستان کا مثبت تاثر پیش کیا۔
خواتین میں ڈاکٹر رابعہ نعیم سب سے تیز رہیں جنہوں نے 3 گھنٹے 52 منٹ اور 25 سیکنڈ میں ریس مکمل کی۔ کراچی کے نوشیروان علی 3 گھنٹے 49 منٹ اور 11 سیکنڈ کے ساتھ مردوں میں دوسرے نمبر پر رہے۔
میجر ریس کا حصہ بننے کے ناطے، سڈنی میراتھون نے عالمی سطح پر رنرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا۔ جیو نیوز کے فیضان لاکھانی نے 4 گھنٹے 54 منٹ اور 41 سیکنڈ میں اپنی تیسری فل میراتھون مکمل کی۔
یہ میراتھون نارتھ سڈنی سے شروع ہو کر شہر کے معروف مقامات سے گزرتی ہوئی سڈنی اوپیرا ہاؤس کے قریب ختم ہوتی ہے۔
سڈنی میراتھون دنیا کے بہترین رنرز کے ساتھ عام رنرز کے لیے بھی عالمی سطح پر اپنی شناخت بنانے کا ایک بڑا پلیٹ فارم بن چکی ہے۔


