یمن (لارڈ میڈیا): یمن کے ساحل کے قریب خلیج عدن میں ایک آئل ٹینکر کو 6 مسلح افراد نے ہائی جیک کرلیاہے اور اس کا رخ صومالیہ کی طرف موڑ دیا ہے۔ برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق یہ واقعہ المکلا سے 136 ناٹیکل میل مشرق میں پیش آیا۔
برطانوی بحری نگرانی ادارے کے مطابق ٹینکر نے سمندری ہنگامی چینل پر مدد کا پیغام بھیجا تھا، جس کے بعد اطلاع ملی کہ جہاز کا کنٹرول مسلح افراد نے سنبھال لیا ہے۔ ادارے نے اس واقعے کو ہائی جیکنگ قرار دیتے ہوئے جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
تاہم برطانوی ادارے نے یہ نہیں بتایا کہ ٹینکر کس ملک کے جھنڈے تلے سفر کررہا تھا اور اس کا عملہ محفوظ ہے یا نہیں۔ ابتدائی اطلاعات میں اسے حوثی گروپ کے حملوں سے الگ نوعیت کا واقعہ سمجھا جارہا ہے۔
17 جولائی کو بھی ایک آئل ٹینکر یمن کے ساحل کے قریب ہائی جیک ہوا تھا اور صومالی پانیوں میں لے جایا گیا تھا۔


