پشاور (لارڈ میڈیا): خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے سے 50 شخصیات کو سول ایوارڈز کے لیے وفاق کو سفارشات بھیج دی ہیں، جن میں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے لیے ہلال شجاعت اور سی سی پی او پشاور کو تمغہ شجاعت شامل ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق، اس سال سول ایوارڈز کے لیے خیبرپختونخوا کو نظرانداز کیے جانے پر تنقید کے بعد وفاق نے مزید نام طلب کیے، جس پر صوبائی حکومت نے 50 شخصیات کے نام ارسال کیے۔ ان میں 28 افراد کے لیے گیلنٹری اور 22 کے لیے سول ایوارڈز کی سفارش کی گئی ہے۔
محکمہ انتظامیہ کے کابینہ ونگ نے تمام نامزد افراد کے نام اور اعزازات کابینہ ڈویژن اسلام آباد کو بھجوائے ہیں۔ مراسلے کے مطابق، گیلنٹری ایوارڈز کی فہرست میں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے لیے ہلال شجاعت اور دیگر شہدا و پولیس اہلکاروں کے لیے تمغہ شجاعت کی سفارش کی گئی ہے۔
سول ایوارڈز کے لیے 22 شخصیات میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل خیبرپختونخوا محمد عابد مجید کے لیے ہلال امتیاز، ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹرز عباس احسن کے لیے ہلال امتیاز اور دیگر کے لیے مختلف اعزازات کی سفارش کی گئی ہے۔


