کراچی (لارڈ میڈیا): شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 4 زخمیوں سمیت 5 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا۔ ان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان بھی برآمد ہوا ہے۔
کورنگی پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سیکٹر 32/B ناصر چوکی سلطان مسجد کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 30 سالہ محمد ثاقب عرف چیکو ولد محمد سلیم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا ہے۔
رضویہ پولیس نے ناظم آباد نمبر ایک پل کے قریب سے ایک اور مبینہ مقابلے کے بعد 40 سالہ عمران ساحل ولد محمد حنیف کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
سرجانی ٹاؤن پولیس نے گلشن سرجانی بلاک D میں کارروائی کرتے ہوئے زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا، جن کی شناخت 20 سالہ سدیس ولد حمید اللہ خان اور مدثر ولد حکمن گل کے ناموں سے ہوئی۔
ڈاکس پولیس نے ماڑی پور مچھر کالونی خواجہ غریب نواز مسجد کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 23 سالہ ضیا الرحمان ولد حبیب الرحمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔


