واشنگٹن (لارڈ میڈیا) امریکا نے عراق کی نجی فضائی کمپنی فلائی بغداد پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کی تازہ ترین فہرست میں فلائی بغداد اور اس کے دو طیاروں کو پابندیوں کی فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔
تاہم کمپنی کے مبینہ مالک بشیر عبد الکاظم علوان الشبانی پر پابندیاں برقرار ہیں اور اس بارے میں کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔ جنوری 2024 میں فلائی بغداد پر ایران کی پاسداران انقلاب کی قدس فورس سے تعلق کا الزام لگاتے ہوئے پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔
امریکا نے الزام عائد کیا تھا کہ فلائی بغداد کے طیارے پاسداران انقلاب کے جنگجوؤں اور اسلحے کو عراق، شام اور لبنان منتقل کرنے میں معاون تھے۔ امریکی محکمہ خزانہ نے کہا کہ کمپنی نے اپنے آپریشنز میں نمایاں تبدیلیاں کی ہیں، جس کے بعد پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔
تاہم امریکی حکام نے واضح کیا کہ فلائی بغداد کو پابندیوں سے نکالنے کا مطلب ایران یا قدس فورس سے متعلق پالیسی میں نرمی نہیں ہے۔ اس فیصلے سے فلائی بغداد کے بین الاقوامی آپریشنز میں آسانی پیدا ہونے کا امکان ہے۔
یہ فیصلہ اس وقت آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔


