پورٹ آف اسپین (لارڈ میڈیا) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی۔ قومی ٹیم نے 75 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنا کر حاصل کیا۔ عبداللہ شفیق اور بابر اعظم نے 24،24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اذان اویس 18 اور امام الحق 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 344 رنز بنائے تھے جہاں جسٹن گریوز 73 اور کپتان روسٹن چیز 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے ساجد خان نے 4 جبکہ علی عثمان، محمد علی اور عبید شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستان نے عبداللہ شفیق کی ناقابل شکست 160 اور بابر اعظم کے 88 رنز کی بدولت 387 رنز بنا کر 43 رنز کی برتری حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز کے جومیل واریکن نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستانی اسپنرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 117 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ علی عثمان اور ساجد خان نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کو فتح کے لیے 75 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 23.3 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ شاندار کارکردگی پر عبداللہ شفیق کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دی تھی، پاکستان نے دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز برابر کر دی ہے۔


