ہومتازہ ترینیورپی یونین کو چین کے ساتھ ’’دوستانہ مسابقت‘‘ اختیار کرنی چاہیے، تجارتی...

یورپی یونین کو چین کے ساتھ ’’دوستانہ مسابقت‘‘ اختیار کرنی چاہیے، تجارتی رکاوٹیں نہیں، سلوواکیا کے وزیراعظم کا مشورہ

براتیسلاوا (شِنہوا) سلوواکیہ کے وزیر اعظم رابرٹ فیکو نے کہا ہے کہ یورپی یونین (ای یو) کو چین کو دشمن سمجھنے اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کے بجائے اس کے ساتھ ’’دوستانہ مسابقت‘‘ اختیار کرنی چاہیے۔

فیکو نے براتیسلاوا میں یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کے ساتھ مذاکرات کئے جنہوں نے سلوواکیہ سے یورپی یونین کے دارالحکومتوں کے اپنے سالانہ دورے کا آغاز کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان یورپی یونین کے آئندہ طویل مدتی بجٹ، مسابقت، توانائی کی قیمتوں اور توسیع سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

فیکو نے کہا کہ سلوواکیہ کو عالمی سطح پر یورپی یونین کی مسابقتی صلاحیت کے حوالے سے تشویش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ مسابقت کا مطلب نئے محصولات یا رکاوٹیں عائد کرنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسروں سے آگے نکلنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

فیکو نے کہا کہ ’’چین کے ساتھ یورپی یونین کے تعلقات کے بارے میں میری رائے مختلف ہے۔ میرے خیال میں ہمیں رکاوٹیں کھڑی کرکے اور چین کو دشمن سمجھ کر اس سے لڑنے کی ضرورت نہیں۔ چین ایک ایسا ملک ہے جس کے ساتھ ہمیں دوستانہ جذبے کے ساتھ مسابقت کرنی چاہیے اور بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرنی چاہیے۔‘‘

بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یورپی یونین (ای یو) کے سربراہ اجلاس میں سلوواکیا کے وزیراعظم رابرٹ فیکو کی شرکت کی فائل فوٹو-(شِنہوا)

یورپی یونین کے آئندہ طویل مدتی بجٹ کے بارے میں فیکو نے کہا کہ سلوواکیہ نے پورے اتحاد میں علاقائی تفاوت کم کرنے کے لئے مضبوط علاقائی ہم آہنگی کی پالیسی برقرار رکھنے کی حمایت کی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے یورپی یونین کی توسیع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ فیکو نے رکنیت کے خواہاں ممالک کے لئے سلوواکیہ کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام امیدوار ممالک کو مطلوبہ معیار پورا کرنا ہوگا۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں