لاہور (لارڈ میڈیا) ایل پی جی انڈسٹری کے نمائندوں نے مسائل حل نہ ہونے پر ملک گیر احتجاج اور کاروبار بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔ اتوار کو لاہور میں منعقدہ نیشنل ایل پی جی اسٹیک ہولڈرز کانفرنس میں، جس کی میزبانی حاجی نعمان احمد نے کی، ایک ہزار سے زائد نمائندے شریک ہوئے۔
حاجی نعمان احمد نے کہا کہ ایل پی جی گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین کی ضرورت بن چکی ہے، مگر انڈسٹری کو متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ کانفرنس کا مقصد صنعت کا متفقہ مؤقف پیش کرنا ہے تاکہ صارفین کو مناسب قیمت پر فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
شرکا نے ایل پی جی کی ترسیل کے دوران سیکیورٹی خدشات پر تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ محفوظ اور بلا تعطل ترسیل کے لیے مؤثر سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔
کانفرنس میں اوگرا کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر اعتراضات اٹھائے گئے۔ شرکا نے شفاف طریقہ کار اور مشاورت کا مطالبہ کیا تاکہ غیر یقینی صورتحال ختم ہو سکے۔
شرکا نے اوگرا، پیرا اور سول ڈیفنس کی کارروائیوں پر تحفظات کا اظہار کیا اور جائز کاروبار کو غیر ضروری ہراسانی سے بچانے کا مطالبہ کیا۔
کانفرنس میں انڈسٹری کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ حکومت سے رابطے میں رہ کر مسائل کا حل نکالا جا سکے۔


