جکارتہ (لارڈ میڈیا): انڈونیشیا میں ایک گھر کے مالک نے بار بار کی چوری سے تنگ آ کر پڑوسیوں کے ساتھ مل کر چوروں کو پکڑ کر ان کو ٹیپ میں لپیٹ دیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دکھایا گیا کہ چار مشتبہ افراد کو سر سے پاؤں تک ڈکٹ ٹیپ میں لپیٹا گیا۔ یہ واقعہ آن لائن بحث کا موضوع بن گیا، جہاں کچھ لوگوں نے مالک کی کارروائی کی تعریف کی جبکہ دیگر نے کہا کہ یہ قانون ہاتھ میں لینے کا عمل ہے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا کہ مالک مکان نے پڑوسیوں کی مدد سے چوروں کو گھات لگا کر پکڑا اور انہیں کارٹونی کرداروں کی طرح ٹیپ میں لپیٹ دیا۔
اس اقدام نے انڈونیشیا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عدم توجہ کی نشاندہی بھی کی ہے، جس پر عوامی مایوسی کا اظہار کیا جارہا ہے۔
مشتبہ افراد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی، جس پر مختلف رائے سامنے آئیں۔ کچھ انٹرنیٹ صارفین نے کمیونٹی کی کارروائی کی تعریف کی جبکہ دیگر نے کہا کہ عوامی مذاق اڑانا اور باندھنا حد سے تجاوز ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سختی سے نمٹنا چاہیے۔


