تہران (لارڈ میڈیا): جیرڈ کشنر اور سٹیو وٹکوف پر مالی فائدے کے لیے مذاکراتی عمل کے استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ جے ڈی وینس کو ایرانی عہدیدار کی جانب سے ایک خفیہ پیغام موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف مذاکراتی عمل کو مبینہ طور پر مالی فائدے کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ پیغام جون میں سوئٹزرلینڈ مذاکرات کے دوران ایک ثالث کے ذریعے وینس تک پہنچایا گیا۔ ایران نے خبردار کیا کہ کشنر اور وٹکوف کی مذاکراتی عمل میں موجودگی 17 جون کے فریم ورک کو مستقل معاہدے میں تبدیل کرنے کے امکانات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ تہران کو خدشہ تھا کہ دونوں شخصیات مذاکرات سے حاصل ہونے والی اندرونی معلومات کو مالیاتی منڈیوں میں فائدہ اٹھانے کے لئے استعمال کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
ایرانی مذاکرات کاروں نے تشویش ظاہر کی کہ کشنر کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو مذاکرات سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ امریکی عہدیدار نے ان دعوؤں کی تردید کی ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان انا کیلی نے رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کوئی پیغام کبھی امریکہ تک نہیں پہنچایا گیا، اور یہ رپورٹ ایران کے مؤقف کی حمایت کرتی ہے اور اس کے دعوے بے بنیاد ہیں۔


