ہیوسٹن (لارڈ میڈیا): فیفا ورلڈ کپ 2026 میں پرتگال نے کرسٹیانو رونالڈو کی شاندار کارکردگی کی بدولت ازبکستان کو 0-5 سے شکست دی۔ میچ کے دوران رونالڈو نے دو گول اسکور کیے جن کی بنا پر پرتگال نے گروپ مرحلے میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی۔
پرتگال نے پہلے ہی ہاف میں برتری حاصل کی جب 41 سالہ رونالڈو نے چھٹے منٹ میں شاندار گول کیا۔ نونو مینڈس نے 17ویں منٹ میں فری کک پر خوبصورت گول کر کے اسکور 0-2 کر دیا۔
ازبکستان کے ایک گول کو فاؤل کی بنا پر منسوخ کیا گیا۔ 39ویں منٹ میں رونالڈو نے دوسرا گول کر کے پرتگال کو 0-3 کی برتری دلائی۔
دوسرے ہاف میں پرتگال نے جارحانہ کھیل جاری رکھا۔ 60ویں منٹ میں برونو فرنانڈز کی کارنر پر جواؤ فیلکس کی کوشش سے اون گول ہوا، جس سے اسکور 0-4 ہو گیا۔
87ویں منٹ میں رافائل لیاؤ نے شاندار فنش کے ساتھ پرتگال کا اسکور 0-5 کر دیا۔ رونالڈو ہیٹ ٹرک کے قریب پہنچے مگر موقع ضائع ہو گیا۔
رونالڈو نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 6 مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے۔ وہ ورلڈ کپ کے دوسرے معمر ترین گول اسکورر بھی بن گئے۔


