کراچی (لارڈ میڈیا): شہر قائد میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔ جلوس میں حضرت امام حسینؑ کے علمدار حضرت عباسؑ کی عظیم قربانی کی یاد میں عزاداران کربلا شریک ہوں گے۔ جلوس سے قبل نشتر پارک میں صبح 11 بجے مجلس عزا منعقد ہوگی جہاں معروف عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے۔ جلوس دوپہر 12 بجے کے قریب سادات امروہہ کی جانب سے برآمد کیا جائے گا، جس کی رہنمائی ابوالحسن اسکاؤٹس اور امروہہ اسکاؤٹس کریں گے۔ جلوس شاہنواز بھٹو روڈ سے ہوتا ہوا ایم اے جناح روڈ اور مرکزی نمائش چورنگی تک پہنچے گا جہاں نماز ظہرین ادا کی جائے گی۔ بعد ازاں جلوس کھارادر میں واقع حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگا۔ انتظامیہ کے مطابق جلوس کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ترجمان پولیس کے مطابق شہر بھر میں 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔


