اسلام آباد (لارڈ میڈیا): ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے واپس وطن روانہ ہو گئے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر پاکستانی حکام نے انہیں الوداع کیا۔
ایرانی صدر منگل کے روز ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں ان کا طیارہ اسلام آباد کے نور خان ائیر بیس پر لینڈ ہوا۔ نور خان ائیر بیس پر صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔
ایرانی صدر نے وزیراعظم ہاؤس میں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے سے گارڈ آف آنر لیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا جبکہ ایرانی صدر نے اپنے وفد کا تعارف کروایا۔
صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی صدر کی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں۔ دورے کا مقصد امریکا ایران ثالثی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہنا تھا، جس پر انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
ان ملاقاتوں میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور علاقائی امن کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔


