کراچی (لارڈ میڈیا): محکمہ تعلیم سندھ نے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے لیے چہرے کی شناخت سے رجسٹریشن لازمی قرار دے دی ہے۔ محکمہ کے مطابق، جون اور جولائی کے دوران اسٹاف کی شناختی رجسٹریشن ہوگی، جبکہ اگست سے روزانہ کی بنیاد پر ان اور آؤٹ حاضری لگانا لازمی ہوگا۔
محکمہ تعلیم سندھ نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں رجسٹریشن نہ کروانے والے ملازمین کی تنخواہیں روک دی جائیں گی۔ نیا حاضری نظام براہ راست اے جی سندھ ٹریژری سے منسلک ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق، ایک ماہ میں دو سے زائد چھٹیاں اضافی شمار کی جائیں گی، جبکہ تاخیر سے آنے یا غیرحاضری کی صورت میں تنخواہ سے خودکار کٹوتی کی جائے گی۔
محکمہ نے ہدایت کی ہے کہ ملازمین وقت پر رجسٹریشن اور حاضری لگانا یقینی بنائیں تاکہ تنخواہ کی کٹوتی سے بچ سکیں۔


