اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کے بعد حکومت نے کئی سخت پابندیاں اور کفایت شعاری اقدامات ختم کر دیے ہیں۔ حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق، پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول 299 روپے اور ڈیزل 311 روپے فی لیٹر پر آ گیا ہے۔ یہ کمی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی اور مشرق وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔
حکومت نے جمعہ کی اضافی چھٹی اور سرکاری افسران کے پیٹرول کٹوتیوں کو بھی ختم کر دیا ہے جبکہ 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کی بندش کا فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔ تاہم، دکانوں اور کاروباری مراکز کو رات نو بجے بند کرنے کا حکم برقرار رہے گا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے ٹرانسپورٹ کرایوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔
ماضی میں امریکہ اور ایران کی جنگ کے باعث پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا تھا۔ تاہم، اب امن معاہدے کے بعد تیل کی قیمتیں کم ہو گئی ہیں اور حکومت معاشی استحکام کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے گی۔


