اسلام آباد (شِنہوا) پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کے روز کہاہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دونوں ممالک کے رہنماؤں نے الیکٹرانک طور پر دستخط کئے جو فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ اس یادداشت پر امریکہ اور ایران کے صدور نے دستخط کئے ہیں اور بطور ثالث انہوں نے بھی اس کی توثیق کی ہے۔
شہباز شریف کے مطابق اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت ایران فوری طور پر آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولے گا جبکہ امریکہ معاہدے کے نفاذ کے ابتدائی مرحلے کے طور پر اپنی بحری ناکہ بندی ختم کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معاہدہ پر دونوں حکومتوں کی اعلیٰ ترین سطح پر دستخط اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ دونوں فریق تنازع کے سفارتی حل کے لئے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، شریک ثالث قطر کی حمایت سے جمعہ کے روز سوئٹزرلینڈ میں ایک باضابطہ تقریب کی میزبانی کرے گا تاکہ اس معاہدے کو یادگار بنایا جائے اور دونوں فریقوں کے درمیان تکنیکی سطح پر مذاکرات شروع کئے جائیں۔
شہباز شریف نے قطر کی قیادت کے تعمیری کردار کو بھی سراہا اور سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی کوششوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے اس معاہدے کو ممکن بنانے میں مدد کی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ مفاہمتی یادداشت پورے خطے کے لئے بہتر سمجھ بوجھ، باہمی احترام اور مشترکہ خوشحالی کی مضبوط بنیاد ثابت ہوگی۔


