ملتان (لارڈ میڈیا): ملتان میں کرنٹ لگنے کے حادثے میں تین مزدور جاں بحق ہوگئے۔ حادثہ شیر شاہ ٹول پلازہ پر پیش آیا جہاں یہ مزدور لوہے کی سیڑھی کے ذریعے کام کر رہے تھے۔ جاں بحق ہونے والے مزدور ٹول پلازہ کی اسٹیل کی چھت پر نصب لائٹس کی مرمت میں مصروف تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مزدور لوہے کی سیڑھی واپس اسٹور روم لے جا رہے تھے کہ سیڑھی بجلی کی مین تاروں سے ٹکرا گئی، نتیجتاً تینوں افراد کو شدید کرنٹ لگا اور وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
حکام نے بتایا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت قیوم، امین اور ندیم کے ناموں سے ہوئی ہے، اور وہ نجی طور پر کام کر رہے تھے۔ واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔


