بیروت (لارڈ میڈیا): جنوبی لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں مزید شدت آگئی ہے۔ حزب اللہ نے اسرائیلی اہداف پر آٹھ حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حزب اللہ کے مطابق ابابیل خودکش ڈرونز کے ذریعے اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ القنطرہ کے قریب ایک اسرائیلی مواصلاتی گاڑی اور بکتر بند گاڑی پر بھی حملے کیے گئے۔
تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ دریائے لیتانی کے شمال میں ایک اسرائیلی ٹینک کو اینٹی ٹینک میزائل سے نشانہ بنایا گیا، جس سے اسرائیلی فوجی کارروائی متاثر ہوئی۔ حزب اللہ کے مطابق ان حملوں میں اسرائیلی فوج کا 21 سالہ کیپٹن ہلاک ہوگیا۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ حزب اللہ کے ایک حملے میں اس کے فوجی آپریشن کو نشانہ بنایا گیا، تاہم حملوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
حالیہ حملوں کے بعد جنوبی لبنان اور شمالی اسرائیل کے سرحدی علاقوں میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔


