پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ اور ڈاکٹر عامر لیاقت مرحوم کی سابق اہلیہ طوبی انور نے کہا ہے کہ آج کے دور میں لوگ محبت کرنا ہی بھول چکے ہیں۔
ایک نجی ویب شو میں گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ محبت دراصل توجہ اور خیال رکھنے کا نام ہے مگر موجودہ وقت میں ناصرف لوگ سچی محبت سے محروم ہیں بلکہ انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ محبت کیسے کی جاتی ہے۔
31 سالہ اداکارہ نے کہاکہ ماضی میں ہمارے والدین کے درمیان جو خلوص، لگائو اور رومانویت موجود تھی وہ اب معاشرے سے ختم ہو چکی ہے، آج کے دور میں یا تو لوگوں کے پاس بہت زیادہ آپشنز ہیں یا وہ مختلف الجھنوں کا شکار ہیں جس کی وجہ سے حقیقی محبت کہیں کھو گئی ہے۔طوبی انور نے امید ظاہر کی کہ اللہ تعالی ان لوگوں کو خوشیاں عطا کرے جو سچی محبت اور خلوص حاصل کر لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچپن میں شاہ رخ خان کی فلمیں دیکھ کر جو تصور بنا تھا کہ محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے وہ اب حقیقت میں نظر نہیں آتا، شاید ہم حد سے زیادہ فلمی ہو گئے ہیں مگر اس صورتحال پر مجھے شدید تشویش ہے۔


