موسم بہتری کے باعث طلب میں کمی اور ڈیموں سے پانی اخراج میں اضافے کے باعث بجلی کا شاٹ فال 3 ہزار میگا واٹ رہ گیا۔
ذرائع کے مطابق ارسا نے صوبوں کی جانب سے پانی کی طلب میں اضافے کے پیش نظر ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافہ کر دیا ہے جس کے تحت تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج 8 ہزار کیوسک سے بڑھا کر 30 ہزار کیوسک کر دیا گیا ہے جبکہ منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج 15ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، اسی طرح صوبہ سندھ کا پانی کا حصہ 35ہزار سے بڑھا کر 50ہزار کیوسک جبکہ پنجاب کا حصہ 33ہزار سے بڑھا کر 43ہزار کیوسک کر دیا گیا ہے۔
آئندہ آنے والے دنوں میں پانی کے اخراج میں مزید اضافہ کئے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں بجلی پیداوار مزید بڑھنے کی توقع ہے۔
ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافے کے باعث پن بجلی کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ موسم کی بہتری کیساتھ بجلی کی طلب میں کمی آئی ہے جس کے نتیجے میں بجلی کا شارٹ فال کم ہو کر 3ہزار میگاواٹ رہ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پن بجلی ذرائع سے بجلی کی پیداوار 3400میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق تھرمل پاور پلانٹس 8ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، نیوکلیر بجلی گھر 2880میگاواٹ تک بجلی پیدا کر رہے ہیں، اسی طرح ونڈ پاور پلانٹس 1300میگاواٹ، سولر ذرائع 350میگاواٹ جبکہ بیاس پاور پلانٹ سے 80میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔
حکام کے مطابق اس وقت ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 16ہزار 10میگاواٹ ہے جبکہ کل طلب 19ہزار میگاواٹ ریکارڈ ہے۔
ذرائع کے مطابق بجلی صورتحال میں بہتری سے اسلام آباد ریجن میں لوڈشیڈنگ زیرو کرنے سے صارفین کو ریلیف ملا ہے۔


