وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ مکمل ہوگیا، منظوری جلد متوقع ہے، پاکستان تمام بیرونی مالی ذمہ داریاں بروقت پوری کرے گا، پہلے پانڈا بانڈ کا اجرا مالی وسائل کو متنوع بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026ء کے موقع پر جے پی مورگن کے زیر اہتمام ‘پاکستان: معاشی و مالیاتی پالیسی کا جائزہ’ کے عنوان سے منعقدہ سرمایہ کاری سیمینار میں شرکت کی جہاں انہوں نے عالمی سرمایہ کاروں سے گفتگو کی۔وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کیساتھ توسیعی مالی سہولت (ای ایف ایف) کے تیسرے جائزے اور مزاحمتی صلاحیت اور پائیدار ترقی کی مالی سہولت (آر ایس ایف) کے دوسرے جائزے کیلئے سٹاف لیول معاہدہ مکمل کر لیا ہے جس کی منظوری جلد متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی تمام بیرونی مالی ذمہ داریاں بروقت پوری کرے گا، اس حوالے سے سعودی عرب کی جانب سے فراہم کردہ مالی معاونت اہم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے پانڈا بانڈ کا اجرا مالی وسائل کو متنوع بنانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
انہوں نے خطے میں جاری صورتحال کے تناظر میں توانائی فراہمی انتظام سے متعلق حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلب کا انتظام، مارکیٹ کے مطابق فیصلے و مکمل قیمتوں کی منتقلی شامل ہے جبکہ کمزور طبقات کیلئے ہدفی ڈیجیٹل سبسڈیز فراہم کی جا رہی ہیں۔


