اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کرم میں قیامِ امن کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا ، بعض عناصر نے جان بوجھ کر مسئلے کو غلط رنگ دیا۔جمعہ کووفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سربراہ جے یو آئی (ف)مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ جا کر ان سے ملاقات اور خیریت دریافت کی اور صحت سے متعلق نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا خصوصا کرم میں قیامِ امن کیلئے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔
دونوں رہنمائوں نے امدادی اشیاء کے قافلوں کی پاراچنار آمد پر اظہارِ اطمینان کیا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ کرم میں قیامِ امن کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا ہے، بعض عناصر نے جان بوجھ کر کرم مسئلے کو غلط رنگ دیا، صورتِ حال کی بہتری کیلئے گرینڈ جرگے کی مخلصانہ کوششوں کو سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے دیرینہ نیاز مندی ہے، پاکستان کی سیاست میں ان کا مثبت کردار قابل تعریف ہے۔