ہومتازہ ترینچین میں آبی منتقلی کے بڑے منصوبے کے وسطی روٹ نے فراہمی...

چین میں آبی منتقلی کے بڑے منصوبے کے وسطی روٹ نے فراہمی آب کا نیا سنگ میل عبور کر لیا

بیجنگ (شِنہوا) چین میں جنوب سے شمال تک پانی کی منتقلی کے منصوبے کے وسطی روٹ کے ذریعے جمعہ تک 80 ارب مکعب میٹر سے زائد پانی منتقل کیا جا چکا ہے، جس سے 27 شہروں کے تقریباً 11 کروڑ 80 لاکھ رہائشی مستفید ہوئے ہیں۔

منصوبے کے آپریٹر نے بتایا کہ آبی منتقلی کا یہ بڑا منصوبہ، جو اپنی نوعیت کا دنیا کا سب سے بڑا منصوبہ ہے، ملک کے آبی وسائل سے مالا مال جنوبی علاقوں سے طویل فاصلے تک پانی شمالی علاقوں تک پہنچاتا ہے، جہاں اقوام متحدہ کے معیار کے مطابق کبھی کروڑوں افراد شدید آبی قلت کا سامنا کرتے تھے۔

چائنہ ساؤتھ ٹو نارتھ واٹر ڈائیورژن کارپوریشن کے مطابق تقریباً 12 برس سے جاری آپریشن کے دوران اس منصوبے کے وسطی روٹ نے آبی وسائل کے توازن کو بہتر بنانے، پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے، آبی ماحولیاتی نظام کی بحالی اور قومی آبی سلامتی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اس منصوبے کے اثرات خاص طور پر بیجنگ میں نمایاں رہے ہیں، جہاں منتقل کیا گیا پانی اب دارالحکومت کی شہری آبی ضروریات کا تقریباً 80 فیصد پورا کرتا ہے۔ پڑوسی صوبہ ہیبے میں پانی حاصل کرنے والے علاقوں کی مجموعی آبادی صوبے کی مجموعی آبادی کا تقریباً 70 فیصد بنتی ہے۔

آپریٹر نے بتایا کہ منصوبے کے وسطی روٹ میں سطحی پانی کا معیار مسلسل درجہ دوم یا اس سے بہتر برقرار رکھا گیا ہے، زیر زمین پانی کی سطح میں طویل عرصے سے جاری کمی کا رجحان پلٹ گیا ہے، جبکہ چین کے شمالی دریاؤں اور جھیلوں کے ماحولیاتی نظام میں بھی مسلسل بہتری آ رہی ہے۔

اس منصوبے نے خشک سالی سے نمٹنے، آبپاشی اور غذائی تحفظ کے لئے بھی اہم آبی معاونت فراہم کی ہے، جبکہ شہری ترقی اور صنعتی ڈھانچے کی بہتر منصوبہ بندی کے لئے بھی مزید مواقع پیدا کئے ہیں۔

جنوب سے شمال تک پانی کی منتقلی کا منصوبہ 3 روٹس پر مشتمل ہے اور چین کے 4 بڑے دریاؤں یانگسی، ہوائی حہ، زرد اور ہائی حہ کے طاسوں پر محیط ہے۔

اس منصوبے کا مشرقی روٹ قدیم نہروں سے فائدہ اٹھاتا ہے، جو چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کے شہر یانگ ژو سے شروع ہوتا ہے اور پانی کی منتقلی کے لئے 13 پمپنگ سٹیشنوں کا استعمال کرتا ہے۔

دوسری جانب وسطی روٹ کشش ثقل کے ذریعے پانی منتقل کرتا ہے۔ یہ پانی بنیادی طور پر چین کے وسطی صوبہ ہوبے میں دان جیانگ کو آبی ذخیرے سے ہینان، ہیبے، بیجنگ اور تیانجن سمیت دیگر علاقوں تک پہنچایا جاتا ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں