اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان اور پاکستانی ایجنسی کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل مارکیٹنگ سروس فراہم کرنے والے ایک شخص کو کچھ عرصہ قبل سکیورٹی اداروں نے گرفتار کیا، جس کی خدمات کے تانے بانے بھارت سے ملتے تھے۔ گرفتار شخص سے تحقیقات جاری ہیں اور اس کے ذریعے سوشل میڈیا پر ملک مخالف مہم چلائی گئی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان مخالف مواد کو وائرل کرنے کے لئے ادائیگیاں بھارت سے ہو رہی تھیں اور تحقیقات کے دوران اس شخص سے تمام معلومات تک رسائی حاصل کی گئی۔ مس انفارمیشن کا نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا جس کا تعلق بھارت سے تھا۔ دوران تفتیش اس نے بتایا کہ اسے ملنے والا مواد آزاد کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے حوالے سے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بے شمار بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ثبوتوں کے ساتھ سامنے آئے ہیں، جن میں عوام کو ریاست کے خلاف اکسانے کی کوشش کی گئی۔ کشمیر میں افراتفری پھیلانے کی ناکام کوشش کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کانٹنٹ کا زیادہ تر حصہ کشمیر کے کالعدم ایکشن کمیٹی کے حوالے سے ہے اور کالعدم جماعت کے بھارت نواز ہونے کے ثبوت موجود ہیں۔ عطا تارڑ نے کہا کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان عناصر نے اسلحہ اور ڈنڈے کے زور پر ایک تحریک شروع کرنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں کشمیری پولیس کے جوانوں کو شہید کیا گیا۔ ان اقدامات کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں اور ہمارے پاس ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔


