اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ مقتدرہ نے ابھی تک حکومت سے صوبوں کے معاملے پر کوئی گفتگو نہیں کی اور نہ ہی یہ معاملہ کابینہ یا پارلیمنٹ میں زیر بحث آیا ہے۔
رانا ثنااللہ نے ایک نجی نیوز چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جو وفاقی وزرا نئے صوبوں کا قیام چاہتے ہیں وہ تحریری فارمولا پیش کریں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا علیم خان نے صوبوں سے متعلق کوئی منصوبہ پیش کیا ہے؟ صرف بات کرنے یا پوڈکاسٹ کرنے سے صوبے نہیں بن سکتے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے اب تک کوئی پلان نہیں بنایا گیا ہے۔ مختلف لوگ مختلف تعداد میں صوبے بنانے کی بات کر رہے ہیں، لیکن کیا محض خیالات کی بنیاد پر ایسا ممکن ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ مصطفیٰ کمال کا معاملہ صرف کراچی کی حد تک ہے اور عوامی سطح پر نئے صوبوں کے لیے کوئی مقبول مطالبہ نہیں ہے، سوائے صوبہ ہزارہ کے۔
رانا ثنااللہ نے یہ بھی کہا کہ حالیہ دنوں میں مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت نے نئے صوبوں سے متعلق کوئی بات نہیں کی ہے اور ان کی سوچ ہے کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونے چاہئیں۔


