یروشلم (لارڈ میڈیا) : اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ میں اپنی موجودہ پوزیشنوں سے اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹے گی جب تک حماس کو مکمل طور پر غیر مسلح نہیں کر دیا جاتا۔
نیتن یاہو نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی ٹیم بھی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ حماس کو غیر مسلح اور غزہ کو عسکری سرگرمیوں سے پاک بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے غزہ سے متعلق جاری مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ثالثوں کی جانب سے اسرائیل کو ایک مسودہ بھیجا گیا تھا، جس سے ہم اتفاق نہیں کرتے تھے اور ہم نے اپنی تجاویز اور جواب بھی دیا۔
اسرائیلی وزیراعظم کے اس بیان پر امریکا کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم حماس اور فلسطین اتھارٹی نے اسے جارحانہ عزائم قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔
واضح رہے کہ حماس نے غیر مسلح ہونے کے لیے مشروط ہامی بھری تھی، تاہم اسرائیل اور امریکا کی جانب سے اُن شرائط پر عمل درآمد نہیں کیا جا سکا ہے۔


