اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ نظام میں کوئی خرابی نہیں، اصل مسئلہ آئین پر عمل درآمد کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ایجنڈے میں نئے صوبوں کا قیام شامل نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ پارلیمانی نظام ملک کے لیے کافی ہے اور 1973 کا آئین ملک کو متحد رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئین کی پاسداری کی جائے تو یہی نظام ملک کے چیلنجز کو حل کرنے کے قابل ہوگا۔
انہوں نے آزاد کشمیر کے انتخابات کو شفاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنی حکومت قائم کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے کشمیری عوام نے ن لیگ کو ووٹ دیا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے انتخابی نتائج پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی پروپیگنڈا کے ذریعے انتخابی عمل میں شامل ہوئی، مگر تیسرے مرحلے کے بعد نتائج تسلیم کرنے پر مجبور ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مرحلے کی 10 نشستوں میں سے 7 پر مسلم لیگ (ن) کی کامیابی متوقع ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی کے کسی فورم پر نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ نہیں ہوا۔


